بہاولنگر (باغی ٹی وی، محمد عرفان نامہ نگار)ضلع بہاولنگر میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) پر اہم ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی محکموں کے افسران، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، عوامی سہولیات، ریونیو کلیکشن، صفائی، صحت و تعلیم کے اہداف اور گڈ گورننس کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے تاکہ بہاولنگر صوبے کے بہترین اضلاع میں شامل ہو۔ انہوں نے افسران کو تحصیلوں میں ترقیاتی اہداف کے حصول، شکایات کے فوری ازالے اور فیلڈ موجودگی یقینی بنانے کی تاکید کی، اور غفلت یا تاخیر برداشت نہ ہونے کی تنبیہ کی۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن، ایکسین بلڈنگ، ایکسین ہائی ویز، اسسٹنٹ کمشنرز چیستان، فورٹ عباس، ہارون آباد اور منچن آباد نے اپنی رپورٹس پیش کیں۔ ڈی سی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے لگن اور دیانتداری سے ذمہ داریاں نبھائیں تاکہ عوام کو حکومتی سہولیات مل سکیں۔








