سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثر رتو) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تحفظ صارف قانون 2005 کے بارے میں مشاورتی و آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں ڈائریکٹر جنرل کنزیومر پروٹیکشن کونسل عمران قریشی، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سید اختشام گیلانی، صدر انجمن تاجران مہر مجتبیٰ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین نے شرکت کی۔ تاجر برادری، وکلاء، سول سوسائٹی اور صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔

ڈی جی عمران قریشی نے کہا کہ صارفین کی شکایات کے جلد ازالے کے لیے ضلعی کے بعد تحصیل سطح پر کنزیومر پروٹیکشن کونسلز قائم کی جا رہی ہیں۔ ان کونسلز سمری ٹرائل کے بعد فوری ریلیف مہیا کریں گی۔ شکایت کی صورت میں صارف کو فوری ریلیف کے لیے موبائل ایپ تیار کی جا رہی ہے۔ صارفین کے 90 فیصد مسائل کا حل ان کونسلز میں ممکن ہو گا۔ صارف موبائل کے ذریعے آن لائن بھی شکایت کی سماعت میں شریک ہو سکے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ایکٹ کو مزید فعال کیا جا رہا ہے۔ کنزیومر کورٹس موجود رہیں گی اور انہیں مزید فعال بنایا جائے گا۔ ایکٹ کے 39 سیکشنز میں سے چار کے تحت کنزیومر پروٹیکشن کونسلز فیصلے کریں گی۔ "ہم سب صارف ہیں، ایک کاروباری فرد بھی صارف ہوتا ہے۔ حکومت کا مقصد ہے کہ صارف کو اپنے حقوق کا پتا ہو اور اسے خواری نہ اٹھانی پڑے۔”

چیئرمین ایس سی سی آئی سید اختشام گیلانی نے کہا کہ حکومت پنجاب حقوق صارف قانون میں نئی روح پھونکنے جا رہی ہے۔ صارف کو مزید تحفظ دینا قابل ستائش ہے۔ حکومت کے عملی اقدامات کو سراہتے ہیں، سیالکوٹ میں صفائی کا اتنا اچھا نظام پہلے نہیں تھا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحفظ صارف قانون کے بارے میں دس ہزار افراد سے سروے کیا گیا، جس کے مطابق 70 فیصد لوگوں کو ایکٹ کی اگاہی نہیں۔ ڈسٹرکٹ کنزیومر کونسل اور اے ڈی لیگل اس کونسل کے سیکرٹری ہیں۔ کنزیومر کورٹ کی پاورز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو دی جا رہی ہیں۔

سیکشن 11 کے تحت پراڈکٹ کی کوالٹی، اجزاء کی تفصیل، بنانے اور ایکسپائر کی تاریخ نہ ہونے پر ڈپٹی کمشنر کارروائی کر سکتا ہے۔ سیکشن 18 کے تحت اشیاء کی قیمت بزنس سینٹر پر ڈسپلے کرنا لازمی ہے۔ سیکشن 19 کے تحت رسید مہیا کرنا صارف کا حق ہے، جس میں اشیاء کی تفصیل، قیمت اور ٹیکس شامل ہوں گے۔

Shares: