مکران کوسٹل ہائی وے پر آج صبح ایک ہولناک حادثہ پیش آیا جس میں مسافر کوچ اور ایل پی جی گیس سے بھرے ٹرک کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ قومی شاہراہ N-10 پر کنڈ ملیر کے قریب نلی اترائی کے مقام پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار کوچ سامنے سے آنے والے ایل پی جی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ابتدائی معلومات کے مطابق کوچ میں 5 افراد جبکہ ٹرک میں 2 افراد سوار تھے، جو آگ لگنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ کوچ اور ٹرک دونوں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کراچی کے سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حادثہ یا تو اوور اسپیڈنگ یا بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔مقامی افراد کے مطابق، مکران کوسٹل ہائی وے پر آئے دن تیز رفتاری کے باعث حادثات رونما ہو رہے ہیں، تاہم مؤثر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے سبب قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد شاہراہ کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا، تاہم اب ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

Shares: