بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)پنجاب حکومت کے وژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بہاولنگر میں غیر منقولہ جائیداد کی قانونی ملکیت کے تحفظ اور قبضہ مافیا کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران اصغر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام افتاب سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ناجائز قبضوں کی شکایات کے فوری حل، قانونی مالکان کے حقوق کے تحفظ اور تنازعات کے تیز ترین ازالے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کیلئے پرعزم ہے اور کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زمین یا جائیداد پر کسی بھی غیر قانونی قبضے یا ونڈا کے مسئلے کی صورت میں براہِ راست ڈپٹی کمشنر آفس یا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آفس سے رجوع کریں تاکہ انہیں فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔

ڈی سی بہاولنگر نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شفافیت، انصاف اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کیے جا رہے ہیں تاکہ ضلع بہاولنگر کو قبضہ مافیا سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔

Shares: