ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں۔ بھارت سے آئے سکھ یاتری سخت سکیورٹی حصار میں اپنی اگلی منزل سچا سودا کے لیے روانہ ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے بھارتی مہمانوں کو الوداع کیا۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق بھارتی سکھ یاتری 13 نومبر تک پاکستان کے مختلف گوردوارہ جات میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ اس موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پنجاب میں جو احترام اور محبت ملی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔

بھارتی یاتریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ننکانہ صاحب کو ایک انٹرنیشنل سٹی بنا دیا ہے۔ شہر میں نئی سڑکوں کی تعمیر، موٹروے تک بہتر رسائی، پودوں کی شجرکاری اور خوبصورت لائٹنگ سے شہر کی رونقیں دوبالا ہوگئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے لنگر، رہائش، علاج معالجے، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے۔ بھارتی سکھ یاتریوں نے روانگی کے موقع پر کہا کہ “ننکانہ صاحب ہمارا اپنا گھر ہے، یہاں سے جانے کو دل نہیں کرتا۔ پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے، جہاں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ پاکستانی قوم نے اپنی مہمان نوازی سے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔”

Shares: