امریکہ کی ریاست میری لینڈ (Maryland) میں واقع ایک اہم فوجی اڈے پر اُس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب وہاں پہنچنے والے مشکوک پیکٹ کو کھولنے پر متعدد افراد بیمار ہوگئے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بیس کے عملے نے ایک پیکٹ کھولا جس میں سفید پاؤڈر موجود تھا۔ پیکٹ کھلنے کے چند لمحوں بعد ہی موجود افراد کی طبیعت بگڑنے لگی اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق فوجی اڈے کی انتظامیہ نے فوری طور پر عمارت کو خالی کروا کر علاقے کو سیل کردیا اور ایمرجنسی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام نے مشکوک مادے کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوا دیے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ یہ مادہ کیا تھا۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور فی الحال کسی بھی دہشت گرد یا دشمن کارروائی کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جاسکتا۔

ذرائع کے مطابق یہ فوجی اڈہ ایک انتہائی حساس مقام ہے جہاں امریکی صدر، نائب صدر، اور کابینہ کے اراکین اکثر سرکاری دوروں کے دوران قیام کرتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی گزشتہ بدھ کے روز اسی بیس پر موجود تھے۔واقعے کے بعد بیس کے سیکیورٹی پروٹوکولز کو مزید سخت کردیا گیا ہے جبکہ ایف بی آئی اور دیگر خفیہ اداروں نے بھی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔حکام کے مطابق متاثرہ افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، تاہم جب تک پاؤڈر کی نوعیت معلوم نہیں ہو جاتی، بیس کے مخصوص حصے کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔

Shares: