اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت کے جدید eBiz پروگرام کے حوالے سے ای لائبریری اوکاڑہ میں ایک اہم آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے کنوینر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی تھے، جنہوں نے پروگرام کے مقاصد اور اس کے عملی نفاذ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

سیمینار میں صدر انجمن تاجران شیخ ریاض، صدر رائس ٹریڈرز ایسوسی ایشن رانا عبدالباسط، سینیئر جنرل مینجر چوہدری جاوید کاہلوں، صدر پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن چوہدری محمد اعظم سمیت شہر کے ممتاز تاجر رہنماؤں، صنعتکاروں اور ملز مالکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کا eBiz پروگرام صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ اس پروگرام کے تحت 52 سے زائد این او سی، پرمٹس اور لائسنس اب گھر بیٹھے صرف چند کلکس کے ذریعے آن لائن حاصل کیے جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے نہ صرف عوام کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ سرکاری دفاتر کے چکر لگانے اور غیر ضروری تاخیر کا بھی خاتمہ ہوگا۔

سیمینار میں حکومتِ پنجاب کے Ease of Doing Business کے تحت جاری اصلاحاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ eBiz پروگرام کاروباری ماحول کو آسان، شفاف اور مؤثر بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا، جس سے ضلعی و صوبائی سطح پر تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

شرکاء نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام کاروباری طبقے کے دیرینہ مسائل کے حل اور ڈیجیٹل سروسز کی ترویج کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

اختتام پر کنوینر خالد جاوید بھٹی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کا تعاون حکومتی اصلاحات کو کامیاب بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔

Shares: