بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹی مصالحہ جات تیار کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی۔ نور سر روڈ نزد مدرسہ پولیس اسٹیشن کے قریب واقع گرائنڈنگ یونٹ پر چھاپہ مار کر 280 کلو ملاوٹی مرچیں تلف کر دی گئیں، جبکہ 210 کلو ہلدی پاؤڈر، 200 کلو بیگز ثابت مرچیں اور مشینری ضبط کر لی گئی۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران حاصل کیے گئے مرچوں کے سیمپل ٹیسٹ میں فیل پائے گئے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے بتایا کہ مرچوں میں ڈائی کلر کی ملاوٹ کی گئی تھی، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مصالحہ جات روزانہ کی بنیاد پر چھوٹے کریانہ سٹورز اور سپر سٹورز کو سپلائی کیے جا رہے تھے۔ یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے واضح کیا کہ“ملاوٹ مافیا کا ہر حربہ ناکام بنایا جائے گا، عوام کی صحت کے ساتھ کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر موجود تمام مضر صحت مصالحہ جات تلف کر دیے اور علاقے میں دیگر یونٹس کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

Shares: