سیالکوٹ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد طلحہ) یومِ اقبال کے موقع پر سٹی ایجوکیشن بورڈ سیالکوٹ کے زیر اہتمام سٹی پبلک اسکول گرلز کیمپس، جیل روڈ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب و چیئرمین گورننگ باڈی سٹی ایجوکیشن بورڈ محمد منشاء اللہ بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پنجاب کے 74 ورکرز ویلفیئر اسکولز میں اقبال شناسی کا خصوصی پروگرام متعارف کروایا جائے گا، جس کے تحت اقبال کو بطور مضمون نصاب میں شامل کیا جائے گا تاکہ نئی نسل اقبال کے آفاقی پیغام کو سمجھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جو خودی، محنت، لگن اور ایمانداری کے ذریعے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال نے نوجوانوں کو بلند حوصلے، خود اعتمادی اور کردار کی مضبوطی کا درس دیا، جو پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
تقریب میں اراکین گورننگ باڈی حافظ اکبر مانڈہ، عثمان عارف شیخ، طاہر بٹ، پرنسپل تسنیم افضل بٹ، مقبول احمد سمیت اساتذہ، طالبات اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یومِ اقبال کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب میں اردو و انگریزی تقریری مقابلے، کوئز پروگرام اور کلامِ اقبال پر ٹیبلو پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے بھرپور داد دی۔
آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ تقریب کا اختتام دعا اور قومی ترانے پر ہوا۔








