گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے شر، سیلرا اور دوندھو برادری کے درمیان جاری تنازع کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا دینے والے ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، ملزم وزیر بلو نے اپنی فیس بک آئی ڈی "King of Ronati Kacha” کے نام سے ایک ویڈیو وائرل کی، جس میں اس نے مبینہ طور پر ڈاکوؤں کی تعریف کرتے ہوئے فریقین کے درمیان اختلافات کو مزید بھڑکانے کی کوشش کی۔

پولیس نے بتایا کہ اس عمل سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ تھا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تھانہ میرپور ماتھیلو میں کرائم نمبر 237/2025 کے تحت دفعہ 153-A ت پ (مختلف برادریوں میں نفرت یا دشمنی پھیلانے کی کوشش) اور دفعہ 21، 22 پیکا ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

گھوٹکی پولیس نے اس موقع پر شہریوں کو ایک بار پھر متنبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی ویڈیوز یا پوسٹس اپ لوڈ نہ کریں جو کسی بھی برادری یا گروہ کے درمیان اشتعال یا تنازع پیدا کرنے کا باعث بنیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

Shares: