گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے شر، سیلرا اور دوندھو برادری کے مابین تنازع کو ہوا دینے والے ایک اور ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم شیر محمد عرف شیرو بادشاہ نے الطاف علی کے فیس بک اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو وائرل کی، جس میں اس نے ڈاکوؤں کی حمایت اور برادریوں کے درمیان جاری جھگڑے کو بڑھاوا دینے والے بیانات دیے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ بیلو میرپور پر کرائم نمبر 52/2025 کے تحت دفعہ 153-A تعزیراتِ پاکستان اور دفعہ 26-A پیکا ایکٹ 2016 کے تحت درج کیا ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس سے قبل بھی وزیر بلو نامی شخص کے خلاف کنگ آف رونتی کچہ کے فیس بک اکاؤنٹ سے ڈاکوؤں کی تعریف اور اشتعال انگیز ویڈیو وائرل کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ملزم وزیر بلو کے خلاف تھانہ میرپور ماتھیلو پر کرائم نمبر 237/2025 کے تحت دفعہ 153-A تعزیراتِ پاکستان اور دفعہ 21، 22 پیکا ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ملزمان نے سوشل میڈیا (فیس بک)کے ذریعے شر، سیلرا اور دوندھو برادری کے مابین تنازع کو ہوا دینے اور ڈاکوؤں کی حمایت اور برادریوں کے درمیان جاری جھگڑے کو بڑھاوا دینے والے بیانات دیے تھے ۔
گھوٹکی پولیس نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت، اشتعال یا غیر ذمہ دارانہ مواد پھیلانے والے افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔








