حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور معروف کالم نگار عرفان صدیقی طبعی مشکلات کے باعث انتقال کر گئے۔
عرفان صدیقی دو ہفتے سے علیل تھے اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔عرفان صدیقی پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں حکمران جماعت کے پارلیمانی لیڈر کے فرائض سرانجام دے رہے تھے اور ان کی سینیٹ میں مدت مارچ 2027ء تک تھی۔ ان کی وفات سے نہ صرف پارلیمانی حلقوں میں غم کا ماحول ہے بلکہ سیاسی اور ادبی دنیا بھی سوگوار ہے۔
عرفان صدیقی صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے اور پارٹی میں ایک اہم کردار ادا کرتے آئے۔ وہ خارجہ امور کی سینیٹ کمیٹی کے چیئرپرسن بھی تھے اور اس کے علاوہ بزنس ایڈوائزری، ہیومن رائٹس، انفارمیشن و براڈ کاسٹنگ، داخلہ اور منشیات کنٹرول سمیت مختلف سینیٹ کمیٹیوں کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔سینیٹر عرفان صدیقی کی سیاسی بصیرت اور ادبی خدمات کو نہ صرف مسلم لیگ (ن) بلکہ ملک بھر میں سراہا جاتا رہا ہے۔ ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے پارلیمانی قائد عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے ان کے خاندان سے اظہار ھمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پاکستان میں جمہوریت کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔صدر نے عرفان صدیقی کے ایصالِ ثواب کیلیے دعا کی اور ان کے خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی عرفان صدیقی کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے.
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےسینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے،وزیرداخلہ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے،وزیرداخلہ نے سینیٹر عرفان صدیقی کی صحافتی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی مرحوم صحافت کے ساتھ سیاست میں بھی اعلی روایات کے علمبردار تھے،عرفان صدیقی مرحوم کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔اللہ تعالٰی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطافرمائے۔
سینیٹر عرفان صدیقی صاحبزادے عمران صدیقی نے بتایا ہے اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں نماز جنازہ ہو گا اور نماز جنازہ کے وقت کا اعلان صبح کیا جائے گا







