گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ میں 12 سالہ بچے کو زبردستی ٹرانسجینڈر کمیونٹی میں شامل کرنے اور اس کے ساتھ نازیبا حرکات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔
سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس پروٹیکشن سینٹر کی بروقت کارروائی کے دوران واقعے میں ملوث ٹرانسجینڈر کو حراست میں لے لیا گیا، جب کہ تھانہ دھلے پولیس نے مقدمہ درج کر کے 12 سالہ بچے کو بازیاب کر لیا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے بچے کے ساتھ نازیبا حرکات کی ویڈیو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی، جس سے عوامی غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔
سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم کا کہنا ہے کہ پولیس معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور ایسے مکروہ فعل میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔








