گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں ایم ایس ڈاکٹر عتیق احمد کی سربراہی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایم ایس ایف (Médecins Sans Frontières) کے تعاون سے پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت علاج مکمل کرنے والے مریضوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر میمونہ، ہیڈ آف پلمنالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محبوب احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ منور حسین، ڈاکٹر زین، علی ریحان چیمہ، زیشان احمد سمیت دیگر معزز ڈاکٹرز اور اسٹاف نے شرکت کی۔
ایم ایس ڈاکٹر عتیق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹی بی ایک قابلِ علاج مرض ہے بشرطیکہ مریض مکمل علاج کریں اور ادویات باقاعدگی سے استعمال کریں۔ انہوں نے ایم ایس ایف اور پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام کے اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام مریضوں میں شعور اجاگر کرنے اور علاج کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر محبوب احمد نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پلمنالوجی ڈیپارٹمنٹ جدید سہولیات سے آراستہ ہے، جہاں مریضوں کی بروقت تشخیص اور علاج کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر علاج مکمل کرنے والے مریضوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور انہیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی تلقین کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوجرانوالہ کو ٹی بی سے پاک شہر بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں اور عوامی آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی۔








