اسلام آباد دھماکے کے بعد لاہور پولیس نے شہر میں سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے حساس مقامات کے گرد حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سرچ اینڈ سویپ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈولفن اسکواڈ اور پیرو فورس کو شہر کے مختلف علاقوں میں اضافی گشت کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ تخریب کاری یا غیر معمولی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے فیلڈ ٹیموں کو پارکنگ ایریاز، عوامی مقامات اور تجارتی مراکز میں گاڑیوں کی سخت چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح عدالتوں، سرکاری دفاتر اور دیگر حساس عمارتوں کے اطراف بھی چیکنگ کے عمل میں مزید سختی کا حکم دیا گیا ہے۔احکامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام ڈویژنل ایس پیز اور فیلڈ افسران خود سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ فیلڈ میں موجود رہ کر کریں، تاکہ کسی بھی غفلت یا لاپرواہی کا فوری سدباب ہو سکے۔
ڈی آئی جی فیصل کامران نے واضح کیا کہ مشکوک افراد یا گاڑیوں کے بغیر شناخت داخلے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام فورسز ہائی الرٹ ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، مشکوک شخص یا لاوارث اشیاء کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔








