واربرٹن (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالغفار چوہدری)ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ننکانہ صاحب عمر اکرم نے واضح کیا ہے کہ اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب ذیشان شبیر رانا کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر عمر اکرم کی سربراہی میں اسسٹنٹ انسپکٹر ویٹس اینڈ میئرز ایاز احمد نے غلہ منڈی واربرٹن میں کمیشن شاپس کے کنڈا جات کا معائنہ کیا۔

کارروائی کے دوران دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر کنڈا جات کی جانچ کی جائے، اور اگر پیمانے میں کمی پائی گئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ انسپکٹر ایاز احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوزان و پیمائش میں کمی کرنے والے عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیمانہ کم کرنے والے کمیشن شاپس مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، دکانیں سیل کی جائیں گی اور چالان عدالت میں بھیجے جائیں گے۔

Shares: