بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ایم آر (خسرہ و روبیلا) ویکسینیشن مہم کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی وٹو سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم آر مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک ضلع بھر میں جاری رہے گی، جس کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ ایم آر مہم ایک قومی کاز ہے، تمام محکمے اس میں بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند اور محفوظ معاشرہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران پولیو مہم کے انتظامات اور فیلڈ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔
انہوں نے ڈینگی کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ اور لاروا تلفی روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنائی جائے۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے آغوش پروگرام کے تحت مستحق اور بے سہارا بچوں کی مدد میں تیزی لانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام جاری مہمات حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کا تسلسل ہیں۔








