بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلابت جاوید نے سول جج اصف ریاض کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا۔
جیل پہنچنے پر چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جس کے بعد معزز ججز نے جیل میں جاری شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا۔

ججز صاحبان نے خواتین وارڈ کا معائنہ کیا، خواتین اسیران سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
انہوں نے بیوٹی پارلر کلاس، سلائی کڑھائی کلاس اور لٹریسی کلاس کا جائزہ لیا اور جیل انتظامیہ کے مثبت اقدامات کو سراہا۔

بعد ازاں، ججز صاحبان نے کچن، ہسپتال اور مختلف بارکوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے نو عمر اسیران کے اسکول اور پیشہ ورانہ تربیتی کلاسز — جن میں الیکٹریشن، اے سی ریپئرنگ، موٹر سائیکل، ٹیلرنگ اور باربر ٹریننگ کلاسز شامل ہیں — کا بھی جائزہ لیا اور پنجاب حکومت اور آئی جی جیل خانہ جات کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔

مزید برآں، ججز نے پی سی او اور ملاقات شیڈ کا بھی معائنہ کیا، اسیران کو دی جانے والی آڈیو و ویڈیو کال سہولت کا جائزہ لیا اور قیدیوں و ان کے لواحقین سے ملاقات کے دوران مسائل دریافت کیے۔

دورے کے اختتام پر سپرنٹنڈنٹ جیل رسول بخش کلاچی اور جیل انتظامیہ کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی گئی۔
معمولی نوعیت کے کیسز میں ملوث چار قیدیوں کی فوری رہائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

Shares: