سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر صدارت روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے سلسلے میں ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں سیمینارز اور آگاہی واکس کا انعقاد کیا گیا۔ ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پرچہ جات بھی تقسیم کیے۔
سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ پر منعقدہ مرکزی سیمینار میں ایم این اے نوشین افتخار نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹریفک حادثات میں اموات کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے۔ ریسکیو 1122 کی بروقت رسپانس نے بے شمار قیمتی جانیں بچائی ہیں، تاہم حادثات کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوشش ضروری ہے۔ انہوں نے حکومتی تعاون کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر حادثات میں کمی لانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ حادثات سے بچاؤ کیلئے ٹریفک قوانین کی پابندی ناگزیر ہے۔ چھوٹے بچوں کو موٹر سائیکل نہ دیں، بائیک کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے میں جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی واک بھی نکالی گئی جس میں ریسکیورز اور ریسکیو اسکاؤٹس نے بھرپور شرکت کی۔









