فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں فتح ہماری نہیں بلکہ اللہ تعالی کی طرف سے ہمیں تحفہ ہے۔پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہمارا جواب وہی ہو گا جو مئی میں تھا۔اللہ کے حکم اور اس کے فرمان کے مطابق اپنے فرائض کی انجام دہی کرتا ہوں،
اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کو ایوانِ صدر میں اعزاز سے نوازا گیا، اس موقع پر تقریب میں شریک فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی خصوصی پذیرائی حاصل ہوئی۔تقریب کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی، جس میں انہوں نے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران حاصل ہونے والی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں فتح ہماری نہیں، اللہ کی طرف سے ملی،انہوں نے اس موقع پر ایک قرآنی آیت کا حوالہ بھی دیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ
اللہ کی مدد شامل ہو تب ہی فتح و کامیابی ممکن ہوتی ہے،مسلمان کا جزبہ ایمانی اس کی سب سے بڑی قوت ہے،بھارت کے خلاف جنگ میں اللہ نے پاکستان کو سر بلند کیا اللہ کا خاص کرم ہے کہ پاکستان نے اپنے دشمن کو دھول چٹائی،تاریخ گواہ ہے کہ مسلمان سپاہی جب جنگوں میں دشمن پر ریت بھی پھینکتے تھے تو اللہ کی مدد شاملِ حال ہوتی تھی، پاکستان کو بھی جنگ میں ملنے والی نصرت اللہ ہی کی جانب سے تھی، اور یہی جذبہ ہماری اصل قوت ہے، پاکستان کی کامیابیاں محض عسکری حکمتِ عملی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایمان، یقین اور اللہ کی مدد کا حصہ بھی ہیں








