بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں نامعلوم مسلح افراد نے نوٹل پولیس اسٹیشن کی حدود میں ربیع کینال کے قریب ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکہ عافر ایکسپریس کی آمد سے چند منٹ قبل ہوا،
دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا اور اس روٹ پر ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع کا معائنہ کیا، شواہد اکٹھے کیے اور ابتدائی تحقیق کے مطابق دھماکے میں ریموٹ کنٹرول یا ٹائمر ڈیوائس استعمال کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی تخریب کاری کی منصوبہ بند کوشش معلوم ہوتی ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی تلاش کے لیے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے، جبکہ تفتیش کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔ مزید پیش رفت کا انحصار حاصل ہونے والی خفیہ معلومات پر ہوگا۔








