اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے قریب تیز رفتار یو ٹانگ ماسٹر بس کی ٹکر سے موٹروے پولیس کے تین اہلکار شہیدہوگئے۔ حادثہ بیٹ نمبر 25 کے مقام پر اوچ شریف انٹرچینج سے تقریباً چار کلومیٹر سکھر کی جانب پیش آیا، جہاں کراچی سے ملتان کی طرف جانے والی یو ٹانگ ماسٹر گاڑی نمبر CAL-1530 نے گشت کے دوران کھڑی موٹروے پولیس کی گاڑی کو پیچھے سے زور دار ٹکر ماری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹروے گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار تینوں اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ گاڑی کی تیز رفتاری اور ڈرائیور کا عدم احتیاط بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث وہ بروقت بریک نہ لگا سکا اور موٹروے پولیس کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے بعد قریبی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں محمد ناصر شامل ہیں جو تقریباً 42 برس کے تھے اور موٹروے پولیس میں ASI کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں سر پر شدید چوٹ آئی جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے دوسرے اہلکار اسامہ علی ولد لال محمد تھے، جن کی عمر تقریباً 23 برس تھی اور وہ کانسٹیبل تھے۔ انہیں بھی سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

تیسرے زخمی اہلکار مشتاق احمد تھے جن کی عمر تقریباً 40 برس بتائی جاتی ہے اور وہ SI تھے۔ انہیں دائیں بازو کی ہڈی ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ سر پر بھی شدید چوٹیں آئیں۔ ریسکیو ٹیم نے انہیں موٹروے ایمبولینس کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، جہاں دورانِ علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
حادثے کے بعد محمد ناصر اور اسامہ علی کو ساتھی اہلکاروں نے اپنی گاڑی سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، جبکہ مشتاق احمد کو موٹروے ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں اہلکار حادثے کے وقت ہی شدید زخمی تھے اور ان کی حالت نازک تھی۔

واقعے کے بعد موٹروے پولیس نے جائے حادثہ کا مکمل معائنہ کیا اور بس ڈرائیور کی ذمہ داری کے تعین کے لئے تفتیش شروع کردی ہے۔ افسوسناک حادثے نے ادارے سمیت عوام میں بھی گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ اعلیٰ حکام نے جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔








