دبئی ایئر شو 2025 کے موقع پر بھارتی فضائیہ اور بھارتی ایرو اسپیس صنعت کو اس وقت شدید خفت کا سامنا کرنا پڑا جب بھارتی ساختہ تیجس لڑاکا طیارے میں اچانک فیوژلاج کے نیچے سے تیل کا اخراج شروع ہوگیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ایئر شو کے اسٹیٹک ڈسپلے ایریا میں موجود تھا اور درجنوں بین الاقوامی مبصرین، میڈیا نمائندے اور عسکری وفود اسے قریب سے دیکھنے میں مصروف تھے۔عینی شاہدین کے مطابق تیل کے قطرے تیزی سے رن وے پر ٹپکنے لگے، جس پر بھارتی فضائیہ کے اہلکار فوری طور پر موقعے پر پہنچے۔ مناسب آلات یا کنٹینمنٹ ٹرے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اہلکاروں نے شاپنگ اور گفٹ بیگز تیزی سے طیارے کے نیچے رکھ کر تیل جمع کرنے کی کوشش کی، جس نے وہاں موجود لوگوں میں حیرت اور طنزیہ ردِعمل کو جنم دیا۔

متعدد دفاعی ماہرین نے اس واقعے کو بھارتی دفاعی سازوسامان کی ساکھ کے لیے دھچکا قرار دیا۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ایئر شو میں ایسے واقعات کسی بھی طیارے کے امیج پر براہِ راست اثر ڈالتے ہیں۔

Shares: