لاہور،راوی روڈ پر معمولی جھگڑے کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا، جہاں تین افراد نے ایک شہری کو مبینہ طور پر گھسیٹ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی دل خراش ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہری حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق جھگڑا معمولی تکرار سے شروع ہوا، جس کے بعد ملزمان نے شہری کو زدوکوب کیا، اس کے سر کے بال مونڈ دیے اور چہرے پر کالا رنگ مل کر اسے عبرت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو تحقیر آمیز انداز میں تشدد کا سامنا کرنا پڑا، جو انسانی وقار کی سنگین توہین ہے۔پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایک ملزم، جس کی شناخت ظہیر کے نام سے ہوئی ہے، کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ دیگر دو مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ترجمان پولیس نے کہا کہ واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملزمان کو قانون کے مطابق عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ کوئی بھی شخص قانون ہاتھ میں لینے کی جرأت نہ کرے۔مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Shares: