پاکستان کے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی شعبے نے رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کی تازہ رپورٹ کے مطابق آئی سی ٹی ایکسپورٹ ریمیٹنسز میں 19.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ملکی ڈیجیٹل معیشت کے لیے نہایت حوصلہ افزا پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔

جولائی تا اکتوبر 2025-26 کے دوران آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات بڑھ کر 1.443 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔ صرف اکتوبر 2025 میں اس مد میں 386 ملین ڈالر موصول ہوئے، جو سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد زیادہ ہیں۔پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے اسی عرصے میں 1.274 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل کیا، جو خطے میں آئی ٹی سروسز کی مانگ اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجٹل اسکلز کی عکاسی کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مسلسل ترقی کرتے آئی سی ٹی سیکٹر نے خود کو پاکستان کا سب سے زیادہ کارکردگی دکھانے والا سروسز سیکٹر ثابت کر دیا ہے، جو مستقبل میں بھی ملکی برآمدات، روزگار کے مواقع اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔

وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے فری لانسنگ، اسٹارٹ اپس، سافٹ ویئر ایکسپورٹس اور ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت کے لیے کیے گئے اقدامات نے اس شعبے کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ مشیران کا کہنا ہے کہ اگر اسی رفتار سے پالیسیوں پر عمل جاری رہا تو آئی ٹی برآمدات آنے والے مہینوں میں مزید اضافے کے امکانات روشن ہیں۔

Shares: