ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی تحصیل کلاچی کے دشوار گزار علاقے میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے گھیراؤ کر کے کارروائی شروع کی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے جواب میں اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ مقابلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں تمام 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک شدہ دہشت گردوں کے قبضے سے خودکار اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مارے گئے تمام دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے تھا اور یہ حالیہ دنوں میں سرحد پار کارروائیوں اور پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔ علاقے میں سرچ آپریشن مزید وسیع کردیا گیا ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جاسکے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردوں کو کسی صورت امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مقامی آبادی نے سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں علاقے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہیں۔








