بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی خصوصی دعوت پر بنگلہ دیش کے ہم منصب میجر جنرل (ر) خلیلُ الرحمٰن 19 سے 20 نومبر کو دہلی میں منعقد ہونے والی کولمبو سیکیورٹی کونکلیو کے ساتویں این ایس اے سطح کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ فورم بھارت، سری لنکا، مالدیپ، ماریشس اور بنگلہ دیش کے درمیان علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے انسداد، سمندری تحفظ اور سائبر سیکیورٹی پر تعاون بڑھانے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجیت ڈوول کی جانب سے خلیلُ الرحمٰن کو خصوصی طور پر دعوت نامہ بھیجنا محض رسمی کارروائی نہیں، بلکہ اس کے پیچھے بھارت کی اسٹریٹجک پالیسی کارفرما ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی چند حالیہ پالیسیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے جن میں ڈھاکہ میں پاکستانی فوجی افسران کے حالیہ دورے سب سے اہم ہے۔ اس کے علاوہ بنگلادیش کے چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے دفاعی رابطے اور بعض انتہائی اہم اور بھارت مخالف افراد کی رہائی پر بھی بھارت گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ 

واضح رہے کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات حالیہ چند ماہ کے دوران مختلف سیاسی اور سیکیورٹی معاملات کے باعث کشیدگی کا شکار رہے ہیں۔ ایسے میں ڈوول کی دعوت کو خطے میں بدلتی صورتحال کے تناظر میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Shares: