کراچی: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے چیئرمین آفاق احمد کو ڈمپر جلانے اور اشتعال انگیزی کے مقدمے سے بری کرنے کا حکم دے دیا۔

کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا، لہٰذا آفاق احمد کو مقدمے سے بری کیا جاتا ہے،یہ مقدمہ لانڈھی پولیس کی جانب سے درج کیا گیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہر میں ڈمپر اور ٹرک حادثات میں اضافے کے بعد مختلف علاقوں میں ڈمپرز اور ٹرکوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات پیش آئے۔ پولیس کے مطابق آفاق احمد کے بعض بیانات کو بنیاد بنا کر ان پر الزام عائد کیا گیا کہ ان کے بیانات سے عوام میں اشتعال پھیلا اور املاک کو نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں کراچی میں بھاری گاڑیوں سے متعلق حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جس کے بعد شہر میں مختلف مقامات پر ڈمپرز اور ٹرکوں کو آگ لگانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہی واقعات کے تناظر میں آفاق احمد کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے اور انہیں گرفتار بھی کیا گیا۔

Shares: