ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کا دل خراش واقعہ پیش آیا جہاں پولیس کی بکتربند گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور چار شدید زخمی ہوگئے۔
ضلعی پولیس سربراہ (ڈی پی او) سجاد احمد کے مطابق یہ حملہ ہتھالہ گلوٹی روڈ پر گاؤں ملنگ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب معمول کی گشت پر مامور پولیس کی بکتربند گاڑی گزر رہی تھی۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں نے سڑک کے کنارے ریموٹ کنٹرولڈ ڈیوائس نصب کر رکھی تھی جسے گاڑی کے قریب پہنچتے ہی دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ بکتربند گاڑی بری طرح متاثر ہوئی اور قریبی علاقوں میں دھماکے کی آواز سنائی دی۔ڈی پی او نے بتایا کہ دھماکے میں شہید ہونے والے بہادر اہلکاروں کی شناخت ڈرائیور محمد رمضان،کانسٹیبل سیف الرحمان کے طور پر ہوئی،دونوں اہلکار فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کر گئے۔واقعے میں چار اہلکار زخمی ہوئے جن میں حوالدار شاہد،کانسٹیبل محبوب عالم،کانسٹیبل آصف،کانسٹیبل کفایت شامل ہیں،تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حملے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاش اور کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے منصوبہ بندی کے تحت گھات لگا کر حملہ کیا، جبکہ ممکنہ سہولت کاروں کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔ڈی پی او سجاد احمد نے شہید اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے پولیس کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں علاقے کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں گی۔








