ننکانہ صاحب( باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کے سیکیورٹی گارڈز کی تین ماہ کی تنخواہیں ادا نہ ہونے پر شدید اظہارِ خفگی کیا اور فوری ادائیگی کا حکم جاری کر دیا۔ انہوں نے تنخواہیں روکنے پر سیکیورٹی کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کی بھی وارننگ دی۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے دورے کے موقع پر جب صحافیوں کی جانب سے سیکیورٹی گارڈز کی تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھایا گیا، تو انہوں نے موقع پر موجود ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر اطہر فرید اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر روحیل اختر پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
ہسپتال میں تین شفٹوں میں کام کرنے والے کُل 41 مرد و خواتین سیکیورٹی اہلکار گزشتہ تین ماہ (اگست، ستمبر اور اکتوبر) کی تنخواہوں سے محروم ہیں۔ مالی بحران کی وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، اور بجلی کے بل، گھروں کا کرایہ اور بچوں کی فیسیں ادا کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ سیکیورٹی گارڈز کے تمام بقایا جات نومبر کے آخر تک فوری طور پر ادا کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو متعلقہ سیکیورٹی کمپنی کا کنٹریکٹ فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔
ڈی سی کے نوٹس کے بعد ہسپتال انتظامیہ پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی گارڈز نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اب ان کے مالی مسائل حل ہو جائیں گے۔








