گوجرہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ کی رپورٹ)گوجرہ میں دو الگ الگ واقعات میں 3 افراد کو قتل کر دیا گیا ہے۔ پہلے واقعہ میں دشمنی کی بنا پر دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جبکہ دوسرے واقعہ میں ایک باپ نے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

چک نمبر 303 ج ب کٹھور کا رہائشی توصیف امجد اپنے رشتہ دار حسن کے ہمراہ ایک مقدمے میں تاریخ پیشی پر مقامی عدالت آ رہا تھا کہ جھنگ روڈ پر اس کے مخالفین رفیع اور دیگر نے موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں توصیف امجد (عمر 50 سال)، حسن (عمر 30 سال) اور ایک راہ گیر گلزار احمد سکنہ چک نمبر 300 ج ب شدید زخمی ہو گئے۔
توصیف امجد موقع پر ہی دم توڑ گیاجبکہ حسن تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بساجبکہ زخمی راہ گیر گلزار احمد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مخدوش حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ قتل چند ماہ قبل مقتول توصیف امجد کے بھتیجے عبدالرحمن کے ہاتھوں رفیع کے بیٹے سعد کے قتل کا شاخسانہ ہے۔تھانہ سٹی پولیس نے نعشیں تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیں اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسرا واقعہ تھانہ صدر گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 418 ج ب میں ایک اور اندوہناک واقعہ پیش آیا جہاں غیرت کے نام پر ایک باپ نے اپنی بیٹی کو قتل کر دیا۔

گاؤں ک چک نمبر 418 ج بے رہائشی محمد ماجد اقبال نے اپنی 23 سالہ بیٹی مسمات ام البنین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

قتل کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ مقتولہ چند دن قبل گاؤں کے ایک لڑکے کے ساتھ بھاگ گئی تھی۔ مقامی پولیس نے لڑکی کو برآمد کر کے عدالت میں پیش کیا تھا جہاں دوشیزہ کے بیان پر اسے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ باپ نے اسی رنج کی بنا پر بیٹی کو قتل کر دیا۔

مقامی پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Shares: