بنوں کے نواحی علاقے ہوید میں گزشتہ رات امن کمیٹی کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ یا ہے پولیس کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دفتر پر اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ اچانک اور نہایت منظم انداز میں کیا گیا۔ دہشت گرد جدید اسلحے سے لیس تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ رات گئے پیش آیا، جب امن کمیٹی کے ارکان دفتر میں موجود تھے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد علاقے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہوسکتا ہے۔

لاشوں اور زخمی شخص کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ حملے میں ایسے گروہ ملوث ہو سکتے ہیں جو حالیہ دنوں میں بنوں اور ملحقہ علاقوں میں اپنی سرگرمیاں تیز کر رہے ہیں۔

Shares: