دبئی ایئر شو 2025 کے دوران بھارتی ساختہ جنگی طیارہ تیجس کی تباہی کے بعد دبئی ایئر شو کی انتظامیہ نے باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے تمام فضائی مظاہرے عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حادثے کے فوراً بعد متاثرہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جہاں ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم شواہد اکٹھے کر رہی ہے تاکہ حادثے کی تکنیکی وجوہات کا تفصیلی تعین کیا جا سکے۔ انتظامیہ نے کہا کہ "ایئر شو کی سیکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، اسی لیے حادثے کے مقام پر ہر طرح کے شواہد محفوظ کیے جا رہے ہیں۔”ایئر شو حکام نے مزید بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو، میڈیکل اور فائر فائٹنگ یونٹس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ہنگامی کارروائیاں شروع کر دیں، تاہم طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا۔
یاد رہے کہ دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کا جدید مگر مقامی طور پر تیار کردہ جنگی طیارہ تیجس دورانِ پرواز گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ بھارتی ایئر فورس نے نہ صرف طیارہ گرنے کی تصدیق کی بلکہ یہ بھی بتایا کہ حادثے میں پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔بھارتی فضائیہ نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا یا کسی آپریشنل مسئلے کے سبب۔ دوسری جانب، ایئر شو انتظامیہ بھی اپنی سطح پر جامع تحقیق کر رہی ہے۔








