اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر سموگ کی روک تھام اور شہریوں میں ماحولیاتی شعور پیدا کرنے کے لیے میونسپل کمیٹی کے زیرِ اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی علیزہ ریحان نے کی، جس میں عملے سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر نسیم نے اس موقع پر کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانا سموگ کی بڑی وجوہات میں شامل ہے، لہٰذا کسان اس مضرِ صحت عمل سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کا دھواں کم کرنے کے لیے انجن کی باقاعدہ ٹیوننگ کرائی جائے، ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور درخت لگانے میں بھرپور حصہ لیا جائے۔

عمر نسیم کے مطابق سموگ ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ عوامی تعاون بھی لازمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر صفائی، کچرا اٹھانے، آگ لگانے کی شکایات کے خلاف کارروائی اور مختلف آگاہی مہمات جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ماحول دوستی اپنائیں، قوانین پر عملدرآمد کریں اور شہر کو سموگ سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Shares: