سرگودھا: دیارِ غیر سے محبت کی ایک اور انوکھی داستان حقیقت بن گئی۔ پولینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک غیر ملکی خاتون پاکستان پہنچ کر سرگودھا کے رہائشی نوجوان مطیع اللّٰہ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں بندھ گئی۔
ذرائع کے مطابق پولینڈ کی یہ خاتون گزشتہ چند ماہ سے مطیع اللّٰہ کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں تھیں۔ دونوں کے درمیان دوستی نے رفتہ رفتہ گہری سمجھ بوجھ اور اعتماد کی بنیاد رکھی، جس کے بعد خاتون نے پاکستان آ کر شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔سرگودھا پہنچنے پر خاتون نے نہ صرف مطیع اللّٰہ سے نکاح کیا بلکہ اسلام قبول کرتے ہوئے اپنا نیا اسلامی نام ’’مریم‘‘ اختیار کر لیا۔ نکاح کی سادہ مگر خوبصورت تقریب مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی، جس میں دلہا کے عزیز و اقارب نے بھی شرکت کی۔
مقامی ذرائع کے مطابق مریم پاکستانی روایات، رہن سہن اور خاندانی نظام سے خاصی متاثر نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ مطیع اللّٰہ کے خاندان نے انہیں بے حد محبت اور احترام دیا جس نے پاکستان آنے کے ان کے فیصلے کو مضبوط کر دیا۔نکاح کے بعد دونوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز اللہ کے نام سے کر رہے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ یہ رشتہ محبت، بھروسے اور اعتماد کے ساتھ مضبوطی سے آگے بڑھے گا۔سوشل میڈیا پر اس جوڑے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں اور پاکستانی صارفین ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔








