ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب بھر میں سموگ سے بچاؤ اور عوامی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر، سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کی نگرانی میں شہر، قصبات اور دیہات میں آگاہی سرگرمیاں جاری ہیں۔

انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں کی جانب سے اسکولوں، بازاروں، محلوں اور مساجد میں سموگ کے نقصانات سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کو بتایا جا رہا ہے کہ سموگ سانس، گلے اور آنکھوں کی بیماریوں سمیت مختلف صحت مسائل کا باعث بنتی ہے۔

مہم کے تحت ماسک کی تقسیم، احتیاطی تدابیر سے متعلق بروشرز اور موقع پر آگاہی لیکچرز بھی دیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق عوام کی صحت اور ماحول کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور سموگ کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Shares: