وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بعض شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا ہے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جہاں ستھرا پنجاب پروگرام سے متعلق بریفنگ دی گئی،اجلاس میں مریم نواز نے بعض شہروں میں صفائی کی غیرتسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیرمعیاری کارکردگی دکھانے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی،اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ فنڈز دینے کے باوجود بہترین رزلٹ نہ آنا افسوسناک ہے، انتظامیہ کو پورے اختیارات، فنانس اور اعتماد دیا، 100فیصد رزلٹ بھی چاہیے،مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبے بھرکے ڈپٹی کمشنرز کو اپنی گورننس کا معیار بھی بہتر بنانا ہوگا، 40 سے 50 ارب روپے کی مشینری، ڈیڑھ لاکھ کی فورس کے باوجود کوڑے کے ڈھیر برداشت نہیں،وزیراعلیٰ نے آوارہ کتوں کے کاٹنے اور مین ہول میں گر کر ہلاکتیں روکنےمیں ناکامی پر متعلقہ ڈی سیز کی سرزنش بھی کی۔
اجلاس میں مریم نواز نے تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کےذریعے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا حکم دیا،وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاری یقینی بنانے اور سرکاری احکامات پرعملد رآمد نہ کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو جرمانے سمیت غیرمعیاری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلعی سربراہان کو تبدیل کرنے کی ہدایت بھی کی۔








