مرکزی مسلم لیگ نے لاہور کی یونین کونسل 112 (مصطفی ٹاؤن) اور 143 (دروغہ والا) میں صدر کے انتخاب کے لیے انٹرا پارٹی انتخابات کا آغاز کر دیا ہے، جہاں کارکنان ووٹر لسٹ کے مطابق اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔
لاہور میں انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ نائب صدر حافظ طلحہ سعید وسطی پنجاب کے صدر چوہدری حمید الحسن گجر اور جنرل سیکرٹری لاہور ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، صدر مسلم یوتھ لیگ پاکستان انجنئیر حارث ڈار نے پولنگ کیمپوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چوہدری معاذ اشتیاق، حافظ نوید، چوہدری عبدالرزاق، عمر فاروق گجر، عمر عبدالعزیز اور رانا آصف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چوہدری حمید الحسن گجر نے کہا کہ پنجاب میں دس سال سے بلدیاتی انتخابات نہ ہونا جمہوریت کے لیے بدقسمتی ہے، اور مرکزی مسلم لیگ اسی جمود کو توڑنے نکلی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں دو یونین کونسلز میں 6 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ 30 نومبر کو لاہور بھر میں انٹرا پارٹی انتخابات بلدیاتی طرز کے حقیقی ماحول میں ہوں گے۔
جنرل سیکرٹری لاہور ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر تنظیمی عمل کو مضبوط کرنا ہی حقیقی جمہوریت ہے۔ ہم قیادت کا اختیار کارکن کے ہاتھ میں دے رہے ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ کے مطابق وہ واحد جماعت ہے جو یونین کونسل سطح پر شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کرا رہی ہے۔








