اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ناپ تول میں کمی اور اوورچارجنگ کے خلاف ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب ذیشان شبیر رانا کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں مہم تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر بھر کے پیٹرول پمپس، کریانہ اسٹورز، ہوٹلوں، تندوروں، دودھ دہی شاپس اور دیگر کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔

معائنہ کے دوران متعدد دکانداروں کو اوورچارجنگ پر موقع پر ہی جرمانے کیے گئے، جبکہ کم وزن اور غلط پیمائش ثابت ہونے پر مختلف دکانوں کے چالان عدالت بھجوا دیے گئے۔ کارروائی کے دوران ایک پیٹرول پمپ کی غیر معیاری نوزل کو بھی موقع پر سیل کر دیا گیا اور متعلقہ پمپ کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔

ڈی او انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ عوام کو درست ناپ تول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام کاروباری حضرات کو ہدایت کی کہ وہ صرف منظور شدہ اوزان و پیمائش کے آلات استعمال کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Shares: