گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر سوالات کی زد میں آ گئی ہے، جہاں گزشتہ رات گاؤں بدھو خان گھوٹو میں چور گھر میں داخل ہو کر مویشی چوری کر کے فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

گھر والوں کے مطابق تقریباً آدھے گھنٹے بعد ان کی آنکھ کھلی تو انہوں نے فوری طور پر چوروں کے چھوڑے ہوئے نشاناتِ قدم کا پیچھا شروع کر دیا۔ اطلاع ملنے پر گھوٹا برادری کے نوجوان بھی جمع ہوگئے اور قریبی علاقوں میں چوروں کا تعاقب کیا۔

مقامی نوجوانوں نے بتایا کہ تعاقب کے دوران فائرنگ بھی ہوئی، جس کے بعد چوری شدہ بھینیسں چوروں سے واپس لے لی گئیں۔ تاہم چور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

عوام نے گھوٹکی کچے بندھی پولیس کی کارکردگی پر شدید سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں دو اہم تھانے موجود ہونے کے باوجود چور اس قدر آسانی سے واردات کر کے فرار ہوجاتے ہیں، جو پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔

علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چوروں کے گروہ کو گرفتار کر کے سخت کارروائی کی جائے اور علاقے میں گشت بڑھا کر امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔

Shares: