قصور کی اسلام آباد سے 17 برس قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کراچی سے مل گئی،27 سالہ کرن کو گزشتہ روز اس کے حقیقی والد عبدالمجید کے حوالے کردیا گیا
قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو)قصور کی اسلام آباد سے 17 برس قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کراچی سے مل گئی،27 سالہ کرن کو گزشتہ روز اس کے حقیقی والد عبدالمجید کے حوالے کردیا گیا

اسلام آباد سے 17 برس پہلے لاپتہ ہونے والی لڑکی ایدھی سینٹر کراچی سے مل گئی۔ 27 سالہ کرن کو گزشتہ روز اس کے حقیقی والد عبدالمجید کے حوالے کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کرن گھر سے آئس کریم لینے نکلی تھی لیکن راستہ بھٹکنے کے باعث گم ہوگئی۔ کسی نامعلوم شخص نے اسے ایدھی سینٹر اسلام آباد پہنچایا، بعدازاں اسے مرحومہ بلقیس ایدھی کراچی لے آئیں جہاں اس نے دینی و دنیاوی تعلیم بھی حاصل کی۔

کرن نے بتایا کہ والدین سے ملنے پر آج بہت خوشی ہے، ایدھی سینٹر میں گزرا وقت ہمیشہ یاد رہے گا۔

شبانہ فیصل ایدھی کے مطابق کرن کے والدین کی تلاش کے لیے کئی بار اسے بس سروس کے ذریعے اسلام آباد بھیجا گیا لیکن سراغ نہ ملا۔ گزشتہ چند روز میں ملک بھر سے 12 بچے والدین کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ کراچی سے یہ پانچویں لڑکی ہے جس کے والدین کا پتا چلا ہے۔

کرن کے والد عبدالمجید نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق قصور سے ہے۔ بیٹی کے لاپتا ہونے کے بعد انہوں نے بہت تلاش کیا مگر کوئی نشانی نہ ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تو بیٹی کے ملنے کی امید بھی دم توڑ چکی تھی لیکن اچانک پولیس نے انہیں بیٹی کے ملنے کی اطلاع دی۔

عبدالمجید نے کہا کہ 17 برس بعد بیٹی کے ملنے کی خوشی بیان سے باہر ہے۔۔

Shares: