پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایتھلیٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر عائد پابندی کو ختم کردیا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس بی کے ثالث سینیٹر پرویز رشید نے کوچ سلمان بٹ پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،سلمان بٹ پر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے تاحیات پابندی عائد کردی تھی،بعد ازاں سلمان بٹ نے اس پابندی کو اسپورٹس بورڈ کے آئین کے مطابق چیلنج کیا تھا جس کے پیش نظر دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد پی ایس بی ثالث نے پابندی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ پی ایس بی ثالث کے فیصلے کے مطابق سلمان بٹ کے خلاف کارروائی میں ایتھلیٹکس فیڈریشن نے قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا تھا، نہ کوئی چارج شیٹ فراہم کی گئی اور نہ ہی کوئی سماعت کا موقع دیا گیا چنانچہ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے سلمان بٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور ارشد ندیم کے کوچ پر پابندی سے ارشد ندیم کی تیاریوں کو بھی متاثر کیا گیا ۔
دوسری جانب پی ایس بی ایڈجیوڈیکیٹر نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کو سلمان بٹ کے خلاف بیان سے بھی روک دیا ہے،پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے معاملات براہ راست ایتھلیٹکس فیڈریشن کے دائرہ اختیار میں نہیں تھے ،پی اے اے کے انتخابات پنجاب اسپورٹس بورڈ اور پنجاب اولمپکس کے زیر نگرانی ہوئے تھے ،مزید برآں اسپورٹس بورڈ نے اے ایف پی کا پنجاب ایتھلیٹکس الیکشن کالعدم کرنے کا فیصلہ بھی معطل کردیا ہے۔
علاوہ ازیں اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم اور یاسر سلطان سعودی عرب میں ہونیوالی اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں سونے اور چاندی کے تمغے جیتنے کے بعد لاہور پہنچ گئے۔وزیر کھیل سمیت اعلیٰ حکام کی جانب سے دونوں ایتھلیٹ کے استقبال کیلئے کوئی نہیں پہنچا۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ورلڈ چیمپئن شپ کے بعد بہت محنت کی، انجری کے بعد گولڈ میڈل جیتنا بہت مشکل ہوتا ہے، 2026ء کے ایونٹ کیلئے سخت محنت کروں گا۔یاسر سلطان کا کہنا تھا کہ حکومت ہماری سہولیات بہتر کرے، پریکٹس کیلئے جیولن ارشد ندیم سے مانگتا ہوں۔








