کراچی کے علاقے گلشن حدید میں چور گھر سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹنے کے بعد وہی سامان واپس گھر میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ اس انوکھے واقعے نے مکینوں سمیت پولیس حکام کو بھی حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق یہ واقعہ گلشن حدید کے یوسی چیئرمین رضا جتوئی کے گھر میں پیش آیا، جہاں دو روز قبل چوری کی واردات میں ملزمان 40 لاکھ روپے نقد اور 20 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات لے کر فرار ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق یوسی چیئرمین رضا جتوئی نے خود تھانے آکر رپورٹ درج کرائی تھی کہ ان کے گھر میں چوری ہوئی ہے اور قیمتی سامان اڑا لیا گیا ہے۔ تاہم صورتحال اس وقت حیران کن رخ اختیار کر گئی جب چوری کیا گیا سارا سامان اچانک گھر کے اندر واپس مل گیا۔

رضا جتوئی نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز ان کی اہلیہ گھر کے صحن میں بلیوں کو کھانا ڈال رہی تھیں کہ اچانک ان کی نظر ایک تھیلے پر پڑی، جس میں وہی نقد رقم اور طلائی زیورات موجود تھے جو دو روز قبل چوری ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تھیلا اچانک صحن میں پڑا ملا جس پر گھر والے حیران رہ گئے۔یوسی چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ بات ناقابلِ یقین ہے کہ کوئی چور واردات کے بعد سامان واپس کردے، اس لیے یہ معاملہ مزید پیچیدہ لگ رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے، اور یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ملزمان نے سامان واپس کیوں کیا اور آیا اس کے پیچھے کوئی دباؤ، خوف، غلط فہمی یا کوئی اور وجہ کارفرما تھی۔

Shares: