ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے آج جام پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جمنیزیم کی بحالی اور مرمت کے جاری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق، اسسٹنٹ کمشنر ثاقب عدنان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عدیل اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔

تحصیل اسپورٹس آفیسر نے کمشنر کو بحالی کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی، جبکہ کمشنر نے چار دیواری کی مرمت، فال سیلنگ کی تنصیب، گراؤنڈ کی ہمواری، فلور کی تزئین و آرائش اور لائٹنگ سسٹم کی اپ گریڈیشن سمیت جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا موقع پر معائنہ کیا۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام معیار اور رفتار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو بہترین کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

بعد ازاں کمشنر نے اسٹیڈیم میں موجود کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جہاں انہیں کھلاڑیوں سے متعارف کرایا گیا۔ کمشنر نے نوجوان کرکٹرز کا حوصلہ بڑھایا اور کرکٹ کھیل کر میچ کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔

کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ کھیلوں کی ترویج اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Shares: