جتوئی (باغی ٹی وی)مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں صبح کے وقت افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں طلبا و طالبات کو اسکول لے جانے والے دو رکشے مبینہ طور پر ریس لگاتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے نتیجے میں 9 سالہ طالبہ انشراح راشد موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ 13 طلبا و طالبات زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق دونوں رکشے تیز رفتاری کے باعث ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔ واقعے کے فوراً بعد ریس لگانے میں ملوث دونوں رکشہ ڈرائیورز کو رکشوں سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔
زخمی بچوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال جتوئی منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس حادثے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
والدین اور شہریوں نے اسکول وین رکشوں کی بے احتیاط ڈرائیونگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔








