اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محتسب اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول میں بچوں کے حقوق و تحفظ سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت ضلعی ایڈوائزر صوبائی محتسب و اطفال کمشنر محمد شفیق احمد نے کی۔ لائنزان آفیسر میاں سرفراز حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عادل اصغر، صابر علی پرسنل اسسٹنٹ، اساتذہ، والدین اور بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔
سیمینار میں لائیزان آفیسر سرفراز حسین نے بچوں کو ہراسگی سے بچاؤ، حقوق کے تحفظ اور فوری انصاف کے نظام سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔ ضلعی ایڈوائزر محمد شفیق احمد نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ عوامی شکایات کے فوری اور شفاف ازالے کے لیے سرگرم ہے جبکہ اطفال کمشنر بچوں کے حقوق کے بین الاقوامی معیار کے مطابق مؤثر حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کے ساتھ تشدد، ناانصافی یا ہراسگی ناقابل برداشت ہے اور ایسے واقعات کی رپورٹنگ کے لیے ہیلپ لائن اور ضلعی دفاتر موجود ہیں۔ انہوں نے طلباء کو خود اعتمادی، اپنی حفاظت کے اصول اور خلاف ورزی کی صورت میں بروقت اطلاع دینے کی ترغیب دی۔ سیمینار کے اختتام پر آگاہی مواد تقسیم کیا گیا اور سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔









