اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان کی زیر صدارت انسدادِ سموگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی سطح پر سموگ کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ماحولیات، انڈسٹری، ہیلتھ، پولیس، ٹریفک، زراعت، لوکل گورنمنٹ، ایجوکیشن اور ہائی ویز کے افسران نے سموگ کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں سموگ کی موجودہ صورتحال، جاری آگاہی مہم، شکایات کے اندراج، حکومتی پالیسی پر عملدرآمد اور فیلڈ سرگرمیوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علیزہ ریحان نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں عملی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے اور ضابطے کی ہر خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی جاری رہے، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف فیلڈ ٹیمیں متحرک رہیں، جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک اور موٹروے پولیس مربوط ایکشن کرے۔
انہوں نے صفائی، چھڑکاؤ اور بیلٹس کی بہتری کے کاموں کو بھی مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔








