گھوٹکی (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور اغواء کاروں کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن تیز کر دیا گیا۔ آپریشن کی قیادت ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کر رہے ہیں۔
تھانہ آندل سندرانی کی حدود میں واقع کچے کے علاقے میں بدنام زمانہ ڈاکو اور اغواء کار بخت علی عرف بختو سندرانی کے خلاف بھاری نفری کے ساتھ پیش قدمی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم بختو سندرانی متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ہے، جن میں اغواء برائے تاوان، پولیس اہلکاروں کی شہادتیں، پولیس مقابلے اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔
آپریشن میں ڈی ایس پی گھوٹکی انور علی شیخ، سب ڈویژن رونتی، سب ڈویژن کچو بنڈی اور سب ڈویژن گھوٹکی کے ایس ایچ اوز سمیت پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔
پولیس اور رینجرز کی ٹیموں کے ساتھ اے پی سی چین اور بکتر بند گاڑیاں بھی شامل ہیں، جن کے ذریعے سخت مزاحمت کا سامنا کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ڈاکوؤں نے تھانہ اے سیکشن کی حدود میں اللہ والی مسجد کے قریب سے ایک شہری کو اغواء کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے کچے میں کارروائی مزید تیز کر دی۔








