ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عثمان منیر بخاری نے ڈیرہ غازی خان کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور طلبہ کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے سب سے پہلے سنٹر آف ایکسیلنس بوائز میں سپورٹس ڈے کی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کے ساتھ مختلف کھیلوں میں بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل عباس مہدی نے سپورٹس ڈے سے متعلق بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی فٹنس بلکہ ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے سپورٹس سرگرمیاں ناگزیر ہیں اور انہیں تعلیمی اداروں میں باقاعدگی سے جاری رہنا چاہیے۔
بعد ازاں انہوں نے بوائز ہائی سکول نمبر 1 کا دورہ کیا، کلاسز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے نصابی سوالات بھی پوچھے۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ نوجوان نسل ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ میں حب الوطنی اور کردار سازی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے دورے کو اساتذہ اور طلبہ نے سراہا اور سپورٹس سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔








