کراچی:بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب سیف سٹی پروجیکٹ کے سافٹ ویئر باکس کی چوری میں ملوث مرکزی ملزم کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واردات 6 نومبر کو پیش آئی تھی، جس میں سیف سٹی سسٹم کا اہم سافٹ ویئر باکس چوری کیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں نصب سیف سٹی کیمروں کو بھی اتار لیا گیا تھا، جس سے مانیٹرنگ کا عمل متاثر ہوا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث مفرور ملزم کو اس کے ایک ساتھی سمیت گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ اس کیس میں پہلے ہی تین ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا تھا۔ اس طرح چوری میں ملوث مجموعی طور پر چھ افراد میں سے پانچ گرفتار ہوچکے ہیں۔ اس سامان کو خریدنے میں ملوث کباڑی کو بھی حراست میں لیا جاچکا ہے۔

حکام کے مطابق ڈسٹری بیوشن باکس سیف سٹی کیمرہ نیٹ ورک کا اہم حصہ ہوتا ہے، جو کیمروں کو بجلی اور دیگر تکنیکی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اس باکس میں نصب آلات کی مالیت لاکھوں روپے تک ہوتی ہے، اور اس کی چوری سے نگرانی کے نظام پر نمایاں اثر پڑتا ہے۔

Shares: